مانچسٹرمیں خود کش حملہ کرنے والے کا نام سلمان عبیدی ہے، برطانوی پولیس

    0
    772

    کنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث  حملہ آور کی شناخت سلمان عبیدی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق لیبیا سے بتایا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں کنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث مبینہ خود کش حملہ آور کا نام سلمان عبیدی ہے جو برطانیہ میں قیام پذیر تھا تاہم اس کا تعلق لیبیا سے ہے، مانچسٹر پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سلمان عبیدی کی عمر 22 سال ہے اور اس کا خاندان لیبیا کے سابق صدر معمرقذافی کے دور میں برطانیہ آیا،سلمان عبیدی 1994 میں  مانچسٹر میں پیدا ہوا جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سلمان  کا خاندان معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد واپس چلاگیا تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب سلمان عبیدی کے اسکول کے دوست نے دوران تحقیقات بتایا کہ سلمان  مانچسٹر یونائیٹد کا مداح تھا،اسے آخری بار گزشتہ سال دیکھا تھا اور اس کی داڑھی بھی بڑھی ہوئی تھی جب کہ سلمان عبیدی کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے اس کا رویہ کافی عجیب سا ہوگیا تھا۔

    مانچسٹر دھماکے کے بعد برطانوی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جس کے دوران ایک شخص کی گرفتاری کی بھی تصدیق کی گئی ہے ، گرفتار شخص کا تعلق ایشیا سے بتایا گیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ مانچسٹرارینا کے سٹی سینٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کے کنسرٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 60 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔