شریف برادران بظاہر بھولے لگتے ہیں لیکن وہ فاشسٹ ہیں،عمران خان

    0
    7730

    پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف برادران بظاہر بھولے لگتے ہیں لیکن وہ  فاشسٹ ہیں۔

    اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما نورعالم کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نورعالم کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں اور خیبر پختونخوا کے لئے یہ بڑی خوشخبری ہے جب کہ مسلم لیگ(ن) کے بہت سے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں اوروہ  پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں مگر وہ ڈرتے ہیں  اگر انہوں نے پارٹی چھوڑی تو منڈی بہاؤ الدین کے ایم این اے جیسا حال ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران بظاہر بھولے لگتے ہیں لیکن وہ  فاشسٹ ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ حسین نواز نے 2 جے آئی ٹی کے ارکان  پر اعتراض کیا ہے جب کہ اعتراض تو ہمیں کرنا چاہئے کہ ملک کے سربراہ پر کرمنل کیس ہیں ان کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے اور وہ سب اداروں کے اوپر بیٹھے ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ افراد کو اس وقت شرمندگی ہوئی جب سعودی عرب کے دارالحکومت میں  ہمارے وزیراعظم کو 12 واں کھلاڑی بنا دیا گیا۔

    چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو کوئی نہیں روک سکتا، لوگ تنقید کریں گے ایف آئی اے کا یہی کام رہ گیا ہے کہ انہیں حراست میں لے جب کہ مسلم لیگ(ن) کو شرم آنی چاہئے کہ یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ فوج کو بدنام کررہے ہیں جو بدنامی (ن) لیگ نے کی ہے ڈان لیکس میں فوج کی وہ کسی نے نہیں کی۔